جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے نظریاتی تشخص کو برقراررکھنے کی جنگ جاری رکھیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام متوسط طبقات کی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوآئی ضلع جنوبی اور کراچی فشرمین لاڑا جماعت کے زیراہتمام میمن سوسائٹی کھڈہ میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
جامعۃ الرشید یونیورسٹی کی منظوری حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا دینی مدرسہ بن گیا
اس موقع پر مولانا محمد غیاث ، قاری محمد عثمان ، علامہ سمیع الحق سواتی، ضلعی امیر مولانا نورالحق ، قاری نورالامین ، مولانا حبیب الرحمن خاطر ، مولاناعبداللہ بلوچ ، مفتی عبدالخالق ،مفتی محمد داؤد ، حاجی حنیف میمن ، حاجی شکیل ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
علامہ راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لادین اور اسلام و ملک دشمن عناصر وطن عزیز کی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے شہرقائد میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال، آئس کوکین کا نوجوانوں میں بڑھتے رجحان اور غیر قانونی ہتھیاروں کے بےدریغ استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو غلط ماحول فراہم کرکے بگاڑا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف چند با اثر افراد ہزاروں ایکڑ اراضی پر قبضہ کررہے ہیں اور دوسری طرف غریبوں سے ان کا اپنا گھر لیز کے نام پر چھیننے کی مذموم کوشش ہورہی ہے۔
انہوں نے کہ کراچی کے باشعور عوام نے فیصلہ دے دیا ہے اور 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام کو کامیاب بنائیں گے۔