نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں جرائم کی روک تھام کیلئے ریپڈ فورس کی تشکیل

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Rapid Force formed for North Karachi Industrial Area

کراچی:نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں اسٹریٹ کرائمز، بینک ڈکیتیوں،دیگرجرائم کی روک تھام کے لیے ریپڈ فورس تشکیل دے دی گئی، صنعتی ایریا میں جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کے علاوہ ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی۔

ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے ریپڈ فورس کا قیام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پرنارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز خان، نائب صدرنعیم حیدر، سی ایم سی چیف اختر اسماعیل، نکاٹی کے سابق صدر و سینئر ممبر سید عثمان علی، نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او صادق محمد اور اراکین منیجنگ کمیٹی بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔

ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریپڈ فورس 50 پولیس اہلکاروں پرمشتمل ہوگی جو نکاٹی کے کرائم مانیٹرنگ سیل کے ساتھ مل کر جرائم کو کنٹرول کریں گے۔

ریپڈ فورس کے موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار ہتھیاروں اور واکی ٹاکی سمیت دیگر جدید آلات سے لیس ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ریپڈ فورس صرف نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں تعینات ہوگی جواس صنعتی علاقے میں اسٹریٹ کرائمز، بینک ڈکیتیوں اوردیگرجرائم کوکنٹرول کرنے میں انتہائی فعال کردار ادا کرے گی۔

مزید پڑھیں:
نکاٹی کا خام مال کی عدم فراہمی پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کامطالبہ

سندھ حکومت نے نئے صنعتی زون”نکاٹی ٹو“ کے قیام کی تجویز پر کام تیز کر دیا

صدرنکاٹی فیصل معیز خان نے ریپڈ فورس کی تشکیل پر ڈی آئی ویسٹ اورایس ایس پی سینٹرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریپڈ فورس کی تعیناتی سے نارتھ کراچی کے صنعتی علاقے میں جرائم کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اس حوالے سے نکاٹی محکمہ پولیس کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی سرگرمیاں بلارکاوٹ جاری رکھنے کے لیے سازگار اور پرامن ماحول کی فراہمی انتہائی ضروری ہے اور نکاٹی اپنے صنعتکار ممبران کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے لیے ہرممکن اقدامات عمل میں لانے کے لیے کوشاں ہے۔

Related Posts