معروف برطانوی اداکار راف فائنز کو ہنگر گیمز سیریز کی نئی فلم “سن رائز آن دی ریپنگ” میں آمریت پسند کردار صدر کوریولینس سنو کے روپ میں کاسٹ کر لیا گیا ہے، یہ کردار ماضی میں مرحوم اداکار ڈونلڈ سدرلینڈ نے بڑی مہارت سے نبھایا تھا۔
فلمی اسٹوڈیو لائنز گیٹ کی اس تازہ قسط کی ہدایت کاری فرانسس لارنس کر رہے ہیں جبکہ فلم کا اسکرپٹ بلی رے نے تحریر کیا ہے۔ فلم کی کہانی معروف مصنفہ سوزین کولنز کے بیسٹ سیلر ناول پر مبنی ہے جو “دی ہنگر گیمز” کی دنیا کو ایک نئی جہت میں لے کر جاتی ہے۔
فلم “سن رائز آن دی ریپنگ” کی کہانی 50ویں ہنگر گیمز کے دن سے شروع ہوتی ہے جو کہ معروف کردار کیٹنس ایورڈین کے منظرعام پر آنے سے 24 سال قبل کی کہانی ہے۔
یہ فلم ناظرین کو ایک بار پھر ظالمانہ نظام پینم کی دنیا میں لے جائے گی، جہاں طاقت، قربانی اور سیاست کی بھیانک تصویر پیش کی جاتی ہے۔
فلم میں جوزف زادا، وٹنی پیک، مکینا گریس، جیس پلیمونز، کیلون ہیرسن جونیئر، مایا ہاک، لیلی ٹیلر اور بین وانگ شامل ہیں۔ ان تمام اداکاروں کو فلمی دنیا میں ان کے نرالے اور گہرے کرداروں کے لیے جانا جاتا ہے۔
فلم کی پروڈیوسرز نینا جیکبسن اور بریڈ سمپسن ہیں، جب کہ کیمرون میک کونومی ایگزیکٹو پروڈیوسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ فلم 20 نومبر 2026 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
نینا جیکبسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے مرحوم ڈونلڈ سدرلینڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس نسل کے بہترین اداکار کو چُنا ہے۔ راف فائنز کے ساتھ کام کرنا میری دیرینہ خواہش تھی، اور ان کا کردار فلم میں نیا رنگ بھر دے گا۔
ہنگر گیمز کی پہلی پانچ فلموں نے عالمی باکس آفس پر 3اعشاریہ 3 ارب ڈالر سے زائد کا کاروبار کیا ہے جن میں جینیفر لارنس نے کیٹنس ایورڈین کے یادگار کردار میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔