کراچی میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہے، آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہیں، مختلف علاقوں کی سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہے، گرمی کی شدت میں ہفتے کی طرح آج بھی کمی نوٹ کی جارہی ہے۔ شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ سڑکوں پر گزشتہ 3 دن کی بارش کا پانی تاحال جمع ہے۔
پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہورہی ہے۔ مسافروں کو دفاتر آنے جانے میں مسائل درپیش ہیں۔ گزشتہ 1 روز میں سب سے زیادہ بارش کیماڑی میں 41 ملی میٹر ریکارد کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پی اے ایف مسرور بیس میں 20 ملی میٹر، قائد آباد اور صدر میں 19، اورنگی ٹاؤن میں 18 ملی میٹر، کورنگی میں 16، ڈی ایچ اے فیز 2 میں 14اعشاریہ 7 ملی میٹر جبکہ پی اے ایف بیس فیصل پر 11 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح اولڈ ائیرپورٹ پر 4.8ملی میٹر، حسن اسکوائر پر 3.5ملی میٹر، جناح ترمینل، گلشنِ حدید اور سرجانی ٹاؤن میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی، نارتھ ناظم آباد میں 2.5، ابراہیم حیدری میں 1.5، جبکہ بن قاسم میں 0.7ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس سے قبل میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقعے پر کہا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ نے بارشوں کے حوالے سے تیاری کرلی تھی۔ شہر میں کچھ روز سے بارش جاری ہے، سڑکوں پر پمپ لگا دئیے گئے ہیں۔ عملہ نکاسئ آب کے کام میں مصروف ہے۔