ریلوے نے کرایوں میں 10فیصد اضافہ کردیا، نوٹیفکیشن جاری

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزارت ریلوے نے مسافروں کی حفاظت کیلئے ہدایات جاری کردیں
وزارت ریلوے نے مسافروں کی حفاظت کیلئے ہدایات جاری کردیں

کراچی:ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث پسے ہوئے عوام کو ریلوے نے بھی نہ بخشا، پاکستان ریلوے نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمت کے باعث ریلوے کرایوں میں پیر سے 10 فیصد کا اضافہ کردیا۔

پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پارسل اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد کا اضافہ نافذ عمل ہوگیا ہے، جبکہ مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق 5 نومبر سے ہوگا۔

پرائیویٹ ٹرینوں کی انتظامیہ کو بھی ان ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ کرایوں میں اضافہ کا اطلاق تمام ٹرینوں کی تمام کلاسوں پر ہوگا۔

دوسری جانب ایل پی جی کی قیمت میں پچھلے 6 ماہ میں 53 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 1572 روپے سے بڑھ کر 2403 روپے تک جا پہنچی۔

آئل اینڈ گیس اتھارٹی(اوگرا)کے دستاویز کے مطابق مئی میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 1572 روپے تھی جو اکتوبر میں بڑھ کر 2403 روپے تک جاپہنچی۔ اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا بڑھنا قرار دیا ہے۔

دستاویز میں کہا گیا کہ 17 فیصد سیلز ٹیکس اور 5 روپے پٹرولیم لیوی کم ہوتو عوام کو ریلیف مل سکتاہے، گھریلو سلنڈر پر مارکیٹنگ کمپنی کا مارجن بھی 413 روپے مقرر ہے۔

دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مئی میں ایل پی جی کی امپورٹ پرائس 74 ہزار 223 روپے فی میٹرک ٹن تھی، جو اکتوبر میں بڑھ کر 1 لاکھ 34 ہزار روپے فی میٹرک ٹن ہو گئی۔

واضح رہے 30 ستمبر کو مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت 3 دنوں میں 29 روپے فی لیٹر سے اضافہ کرکے 204 روپے کردی تھی جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 2403 روپے ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی سرکلر ریلوے سے شہریوں کی مشکلات کم ہو جائیں گی، اعظم سواتی

یاد رہے کہ قیمتوں میں اضافے کا اختیار اوگرا کے پاس ہے اور مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف بنا منظوری قیمتیں بڑھانے پر کارروائی ہونی چاہیے تاہم حکومت کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ایل پی جی سے مراد وہ گیس ہے جو بطور ایندھن گاڑیوں اور چولہوں میں استعمال ہوتی ہے۔

Related Posts