کراچی: ریلوے ریزرویشن سسٹم میں خرابی کے باعث آن لائن ای ٹکٹنگ کا نظام آج بھی بحال نہیں ہوسکا، بکنگ کیلئے روایتی طریقہ استعمال کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ریزرویشن سسٹم گزشتہ روز بیٹھ گیا تھا جس کے بعد آن لائن ای ٹکٹنگ کا نظام بحال نہیں ہوا، ریلوے حکام کا کہنا ہےکہ آج بھی ٹکٹس کی بکنگ روایتی بکنگ کاؤنٹرز کے ذریعے کی جارہی ہے۔
سسٹم تاحال ڈاؤن ہونے کے باعث کراچی کے مختلف اسٹیشنز پر بکنگ کاؤنٹرز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ مسافروں کو ٹکٹس کی رقم کی واپسی کیلئے مشکلات درپیش ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے ریزرویشن سسٹم جلد بحال کیا جائے گا جس پر کام جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیرِ ریلوے رات گئے کراچی پہنچے جس کے بعد محکمۂ ریلوے افسران کی شامت آگئی، اعظم سواتی نے انچارج ریسٹ ہاؤس سمیت متعدد افسران کو معطل کردیا تھا۔
وزیرِ ریلوے اعظم سواتی نے 5 اور 6 جنوری کی درمیانی شب ریسٹ ہاؤس پر چھاپے مارے، رات گئے ریسٹ ہاؤس اچارج سمیت دیگر عملے کو معطل کردیا اور انہیں راولپنڈی رپورٹ کرنے کے احکامات دے دئیے۔
مزید پڑھیں: وزیرِ ریلوے کی کراچی آمد، اہلکاروں کی شامت آگئی، متعدد افسران معطل