کراچی: محکمہ ریلوے نے کرپشن چارجز کی وجہ سے ایس آر پی کوثر عباس کو ہٹا کر ان کی جگہ قیصر بشیر مخدوم کو عارضی چارج دیا ہے، دیگر ماتحت افسران و ملازمین کیخلاف بھی کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے ۔
محکمہ ریلوے پاکستان کے لاہور ہیڈآفس کی جانب سے کراچی دفتر کو فیکس کئے گئے لیٹرکے مطابق پاکستان ریلوے پولیس کے سی پی او لاہور ڈاکٹر محمد وقار عباسی کی جانب سے گریڈ 17کے ڈی ایس پی ریلوےکوثر عباس کو کرپشن الزامات کی وجہ سے ہٹا کر لاہور سی پی او آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جن کے پا س سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس کا عارضی چارج بھی تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
کراچی: ریلوے پولیس کے 53 افسران و ملازمین کے تبادلے، تعیناتیاں معطل
نوٹی فکیشن کے مطابق کوثر عباس کو سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس کے عہدے سے ہٹانے کے بعدعارضی چارج ریلوے آفس لاہور میں تعینات اے آئی جی ایڈمن قیصر بشیر مخدوم کو دیا گیا ہے جو مستقل سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس کی تعیناتی تک چارج سنبھالیں گے۔
نوٹی فکیشن میں لکھا گیاہے کہ مذکورہ آرڈر آئی جی ریلوے پولیس کے حکم کے بعد جاری کیا گیا ہے ۔جس کی وجہ سے اس پر عمل درآمدجلد از جلد کیا جائے۔
واضح رہے کہ ہٹائے جانے والے مذکورہ افسر پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طو رپر رشوت لیکر بڑے پیمانے پر افسران کے تبادلے کیئے تھے جن کی نشاندہی ایم ایم نیوز پر گزشتہ روز کی گئی تھی۔ جن افسران کو تعینات کیاگیاتھاوہ تاحال عہدوں پر براجمان ہیں۔
جن افسران پر رشوت کی رقم وصول کرنے میں معاونت کامبینہ الزام ہے ان میں کینٹ اورسٹی ریلوے تھانے کے ایس ایچ اوز، محرر کینٹ، اے ایس ائی طارق بشیر، اوایس ائی حبیب ظفر، ریڈرشان، نائب ریڈرعابد سمیت دیگر شامل ہیں۔