اسلام آباد: پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن فیصل الثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں پاکستان کو فراہم کرے گا۔
قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق قطر کے سفیر شیخ سعود نے ویکسین فراہمی کی بات قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کی۔
قطر کے سفیر نے کورونا کی وبا سے ‘کامیابی’ سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی کو بھی سراہا۔
پاکستان کو ویکسین کی قلت کا سامنا رہا تاہم 20 جون کو سائنو ویک ویکسین کی 15 لاکھ سے زائد خوراکیں چین سے اسلام آباد پہنچی تھیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ کھیپ چین سے خریداری کے لیے کیے گئے معاہدے کا حصہ تھی۔ این سی او سی کے مطابق ویکسین چین سے خریدی گئی ہے اور ملک بھر کے ویکسینیشن مراکز میں پہنچائی جائے گی، اس حوالے سے تمام انتظامات کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 21 جون کو فائزر سے ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت پاکستان کو امریکی ویکسین کی ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں موصول ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت اب کسی ٹیکس چور کو کوئی رعایت نہیں دے گی، شوکت ترین