فلم پشپا 2 نے سوشل میڈیا پر شاندار پذیرائی حاصل کی ہے، جہاں ناظرین الو ارجن اور فہد فاضل کی پرفارمنس کی تعریف کر رہے ہیں، خاص طور پر الو ارجن کے منفرد روپ میں پیش کیے گئے منظر کو شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق یہ منظر سعودی عرب کے سنسر بورڈ نے حذف کر دیا ہے۔ 19 منٹ کے اس سیکوئنس میں الو ارجن کو گنگما دیوی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جو تروپتی میں منائے جانے والے گنگاماں جاترا تہوار کی ایک اہم رسم ہے۔
یہ تہوار دیوی گنگاماں کے احترام میں منایا جاتا ہے، جنہیں بھگوان وینکٹیشورا کی چھوٹی بہن مانا جاتا ہے۔ روایتی طور پر اس میں مرد خواتین کا روپ دھارتے ہیں، جسے پیرانتالو ویشم کہا جاتا ہے۔
فلم میں الو ارجن ان رسومات میں شرکت کرتے ہوئے نیلے ساڑھی اور لیموں کے ہار کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں تاہم سعودی سنسر بورڈ نے الو ارجن کے دیوی کے روپ اور فلم میں ہندو دیوی دیوتاؤں کے حوالوں پر اعتراض کرتے ہوئے اس منظر کو فلم سے نکال دیا۔
یہ کارروائی سعودی عرب میں مذہبی حوالوں یا تھیمز پر مبنی فلموں کے خلاف سنسر شپ کے پچھلے اقدامات کی پیروی کرتی ہے، جیسا کہ سنگھم اگین اور بھول بھلیاں 3 کے ساتھ ہوا تھا۔