لاہور: پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ زمان پارک نوگو ایریا بنا ہوا تھا جسے کلیئر کرانے گئے تھے۔
پنجاب کے نگراں وزیراطلاعات عامر میر اور آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے زمان پارک آپریشن کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ زمان پارک میں آپریشن سے پولیس 2 وجوہات کے باعث رکی تھی، یہ آپریشن ہائیکورٹ کے حکم پر روکا گیا تھا، دوسری وجہ پی ایس ایل میچ تھا۔ عدالت نے ہم سے کہا تھا کہ سرچ وارنٹ لے کرآئیں اور آپس میں بات کرلیں۔
آئی جی پنجاب کے مطابق عدالت نے واضح کیا آپ قانون کے مطابق اپنی تفتیش کریں، ہم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے مکمل لوگوں کی فہرست تیار کی اور پولیس آج مختلف علاقوں سے آنے والے شرپسندوں کو گرفتارکرنے کے لئے زمان پارک گئی۔
ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ ہم خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ زمان پارک گئے تھے، وہاں آج دوبارہ پتھراؤ کیا گیا۔ ہم نے علاقہ کلیئر کرنے کے بعد مزاحمت کرنے والے افراد کو گرفتار کیا۔
زمان پارک سے 50 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار، عمران خان نے آپریشن کی وجہ بتا دی
انہوں نے بتایا کہ دوپہر 12 بجے کے قریب سرچ وارنٹ حاصل کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی لیڈر شپ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم وہاں نہیں ہیں۔
زمان پارک آپریشن کےحوالے سے پنجاب کے نگراں وزیراطلاعات عامر میر نے کہا کہ کسی بھی علاقے کو نوگو ایریا بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پنجاب پولیس نے نوگوایریا کو کلیئر کرنے کے لئے آپریشن کیا۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقےکو نوگو ایریا بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ زمان پارک نوگو ایریا بنا تھا جسے کلیئر کرنے کے لئے پنجاب پولیس نے آپریشن کیا۔ اس دوران پولیس پرپیٹرول بم سے حملے کیے گئے، رینجرزاورپولیس کی گاڑیاں توڑی گئیں اور کروڑوں روپےکی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
پنجاب کے نگراں وزیراطلاعات نے بتایا کہ پولیس پر پیٹرول بم سے حملے کیے گئے، رینجرز اور پولیس کی گاڑیاں توڑی گئیں، اس دوران کروڑوں روپے کی املاک کا بھی نقصان کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے پنجاب پولیس نے آج ایکشن لیا ہے، زمان پارک آپریشن کے دوران پولیس سے مزاحمت کی گئی۔