اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تحریک عدم اعتماد سے قبل 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر عوامی اجتماع کی اجازت مانگ لی ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل اور پی ٹی آئی ایم این اے کنول شوزب کی جانب سے درخواست دی گئی جو کہ جلسہ کمیٹی کی رکن بھی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت نے کہا کہ درخواست موصول ہو گئی ہے اور جائزہ لینے کے بعد سر ٹیفکیٹ (NOC) جاری کیا جائے گا۔
تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر متوقع ووٹنگ سے ایک روز قبل 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں پاور شو کرنا چاہتی ہے۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی وزیراعظم عمران خان کی کال پر تاریخی جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ بدھ کو پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے کونے کونے میں عوام کے درمیان فوری طور پر عوامی تحریک شروع کرنے کی ہدایات کے ساتھ سات تنظیمی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدور کو اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارٹی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بڑے عوامی جلسے میں شرکت کے لیے بڑے پیمانے پر متحرک ہو جائیں۔
مزید پڑھیں: تحریکِ عدم اعتماد پر حکومت کا دوست ممالک سے مدد لینے کا فیصلہ