کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف اور پیپلز پارٹی کی لفظی جنگ جاری ہے جس کے دوران وزیرِ اعظم کو قوم کی غلطی قرار دینے پر پی ٹی آئی نے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کی کلاس لے لی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے جو طریقہ کار اختیار کیا، اس پر مایوسی کا شکار ہوں۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مجھے جو مایوسی ہوئی، اسے ٹی وی پر آ کر وفاقی حکومت کے نمائندوں نے دوگنا کردیا جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان ہماری قوم کی سب سے بڑی غلطی ہیں۔ دُعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ہم سب کو ان کے افعال اور غلطیوں سے محفوظ فرمائے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے پیغام پر ردِ عمل دیتے ہوئے تحریکِ انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آپ خود ایک غلطی ہیں کیونکہ آپ قوم کے منتخب کردہ وزیرِ اعظم کے خلاف بات کر رہے ہیں جو وفاق کی نمائندگی کرتا ہے۔
پی ٹی آئی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگر اپنی حیثیت پر غور کریں تو آپ سندھ حکومت کے ایک غیر منتخب مشیر ہیں جو ایک ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر کورونا وائرس کے حوالے سے عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔
U r a mistake, talking against n elected pm representing Fed. Of Pak. You being an unelected advisor for disinformation sitting in room & talking abt covid19 –
— Haleem Adil Sheikh (@HaleemAdil) April 23, 2020