کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ سندھ اسمبلی راجہ اظہرخان نےوزیرِ اعلیٰ سندھ سیّدمراد علی شاہ کو تحریر کیے گئے ایک خط میں پولیس افسران کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکنِ سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے محکمہ پولیس سندھ میں کانسٹیبل،ہیڈ کانسٹیبل اور اسسٹنٹ انسپکٹر کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھا ہے۔
رکنِ سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے خط کے حوالے سے کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے سپاہی بھی انسان ہیں اور انکے بھی بیوی بچے ہیں۔ تحریکِ انصاف چاہتی ہے کہ ان کے مستقبل کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
خط کے متن کے مطابق راجہ اظہر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے فوری اقدامات کریں۔ کووِڈ 19 کی جنگ میں پولیس کے سپاہی دیوار کی طرح سامنے کھڑے ہیں۔
راجہ اظہر نے کہا کہ کم گریڈ کے یہ پولیس افسران اس مہنگائی میں اپنا گھرنہیں چلا پارہے۔ سندھ پولیس کا پے اسکیل باقی صوبوں کی طرح مساوی کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کو تحریر کیے گئے خط میں راجہ اظہر نےکہا کہ پولیس کے مسائل کے حوالے سے متعدد بار درخواستیں دے چکے ہیں۔ بدقسمتی سے درخواست پر سنوائی نہیں کی جاتی۔