اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پارلیمنٹ کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث انٹرنیٹ سستی کا شکار ہوا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے نے قرار دیا کہ فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سست رفتاری کی وجہ صارفین کی بڑھی ہوئی تعداد ہے۔ اتھارٹی حکام نے پارلیمنٹ کو فراہم کردہ تفصیلات میں انٹرنیٹ میں خلل کا اعتراف کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے کی پارلیمنٹ کو فراہم کردہ تفصیلات میں بتایا گیا کہ انٹرنیٹ میں تعطل سے میٹا ایپلی کیشنز فیس بک اور واٹس ایپ کی سروسز پر زیادہ اثر پڑا جبکہ دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس بھی متاثر ہوئے۔فیس بک کے پاکستانی صارفین 5کروڑ ہیں۔
تفصیلات میں مزید آگہی دی گئی کہ پاکستان میں واٹس ایپ سب سے زیادہ استعمال ہونے والی رئیل ٹائم ایپلیکیشن ہے۔ ہم نے صارفین کو مطلع کیا تھا کہ رش کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار سست رہے گی جبکہ ٹیلی کام آپریٹرز فوری ٹریفک متبادل روٹس پر منتقل کررہے تھے۔
اگست
حکام نے بتایا کہ اگست میں پی ٹی اے کو واٹس ایپ سروسز متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد ٹیلی کام آپریٹرز کو فوری طور پر مسئلے کے حل کی ہدایت دی گئی۔
پی ٹی اے نے دعویٰ کیا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں واٹس ایپ اور فیس بُک کی سست روی کا مسئلہ حل ہوگیا جب کہ سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو فور ٹھیک ہونے سے صورتحال نارمل ہوجائے گی