کراچی :پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روزجمعہ کوملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میںکے ایس ای100انڈیکس 29.41پوائنٹس کے اضافے سے37607.62پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
53.88 فی صدکمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں11ارب89کروڑ13لاکھ روپے کی کمی ہوئی۔
گزشتہ روزٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری میں بھرپور دلچسپی کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 37863پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔
مندی کے باعث انڈیکس 37259پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں ریکوری آئی اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس 29.41پوائنٹس کے اضافے سے37607.62پوائنٹس پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس بھی 27.92پوائنٹس کے اضافے سے16315.36پوائنٹس پر بند ہوا ۔
کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 43.24پوائنٹس کی کمی سے26719.32پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔ گذشتہ روز373کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے158کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ201میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی آنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 70کھرب 84ارب 77کروڑ91لاکھ روپے سے گھٹ کر70کھرب72ارب88کروڑ78لاکھ روپے ہوگئی۔حصص کی لین دین سے کاروباری حجم26کروڑ65لاکھ31ہزار رہاجوجمعرات کی نسبت11کروڑ27لاکھ 49ہزار شیئرز کم ہے۔
قیمتوں میں اتار چڑھاؤکے لحاظ سے اٹلس ہنڈا کے حصص23.41روپے کے اضافے سے 405.91روپے اورتھل اندسٹریز کارپوریشن 17.05روپے کے اضافے سے278روپے ہوگئی جب کہ یونی لیور فوڈز320روپے کی کمی سے 9230روپے اورسیپ ہائر ٹیکس کے حصص 69.99روپے کی کمی سے 900روپے ہوگئی۔