ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء کے دوسرے ایلیمنٹر میں لاہور قلندرز نے ڈیوڈ ویز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانز کو ہرا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کی طرح لاہور قلندرز کی ٹیم بھی پہلی بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہے۔ لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے ہرایا۔ 183 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے ملتان سلطانز کی ٹیم 20ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈھیر ہو گئی۔
ملتان سلطانز نے 19 اوورز اور 1 گیند پر 157 رنز بنائے۔ اتوار کی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز مدِ مقابل آئے۔ ملتان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتا اور لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اور تمیم اقبال نے ٹیم کو 46 رنز کا آغاز دیا لیکن اگلے 4 کھلاڑی صرف 65 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ فخر زمان نے 46، تمیم اقبال نے 30، کپتان سہیل اختر نے 5، حفیظ نے 19 جبکہ بین ڈک نے 3 رنز بنائے۔
مجموعی طور پر 111 رنز پر نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی جس کے بعد ڈیوڈ ویز اور سمت پٹیل 15 گیندیں کھیل کر 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنا کر پویلین گئے جبکہ قلندرز نے 20 اوورز میں 6 وکٹیں گنوا کر 182 رنز بنائے۔
سلطانز کے شاہد آفریدی نے 18 رنز دے کر 2 کھلاڑی آؤٹ کیے، الیاس، ایڈم ، جنید اور سہیل تنویر 1، 1 وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
بعد ازاں ملتان سلطانز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ٹاپ آرڈر بیٹسمین نے 12 اوورز میں 102 رنز کا شاندار اسٹارٹ فراہم کیا۔ ایڈم نے 29 گیندوں پر 3 چھکے اور 4 چوکے لگا کر 50 رنز بنائے۔ ذیشان اشرف 12 اور شان مسعود 27 رنز بنا سکے۔ محسوس ایسا ہورہا تھا کہ ملتان سلطانز فائنل تک پہنچ جائیں گے تاہم ایسا نہ ہوسکا۔
قلندرز کے باؤلرز نے صرف 20 رنز دے کر 4 وکٹیں گرا دیں اور رائیلی روسو کو 18، روی بوپارہ کو 1 جبکہ شاہد آفریدی، کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ سہیل تنویر بھی صرف 3 رنز بنا سکے۔
اختتامی اوورز میں خوشدل خان نے 19 گیندیں کھیل کر 2 چھکے اور 2 ہی چوکے مارے اور 30 رنز بنا کر میچ کا پانسا پلٹنے کی کوشش کی لیکن الیاس اور عمران طاہر بالترتیب 9 اور 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پوری ٹیم 157 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
حارث رؤف اور ڈیڈ ویز نے 3، 3 جبکہ دلبر حسین اور شاہین آفریدی نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ ڈیڈ ویز مین آف دی میچ قرار پائے۔ پی ایس ایل فائیو کا فائنل منگل کے روز کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان رات 8 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں پشاور زلمی کو لاہور قلندرز نے 5 وکٹوں سے شکست دی جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم پہلے ہی فائنل تک رسائی میں کامیاب ہوچکی تھی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لاہور قلندر نے ٹاس جیتا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد پشاور زلمی نے بیٹنگ شروع کی۔
مزید پڑھیں: لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی