اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسئلۂ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کیلئے آذربائیجان سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز صدرِ مملکت سے آذربائیجان میں پارلیمنٹ اسپیکر پروفیسر صاحبہ غفارووا نے ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے وفود کے تبادلے پر گفتگو ہوئی۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مذہبی و ثقافتی بنیادوں پر قائم ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پاک آذربائیجان تعلقات کی پائیداری کیلئے اعلیٰ سطح پر سیاسی، ثقافتی اور معاشی وفود کے تبادلے پر زور دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آذربائیجان کی پارلیمنٹ کی اسپیکر پروفیسر صاحبہ غفارووا سے ملاقات۔
صدرِ مملکت نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اعلی سطح پر سیاسی، ثقافتی اور معاشی وفود کے تبادلے پر زور دیا۔ pic.twitter.com/M2xDwjB02U
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) June 4, 2021
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آرمینیا سے اپنے علاقے واگزار کرانے اور امن معاہدے پر دستخط کا سنگِ میل عبور کرنے پر پر آذر بائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔
گفتگو کے دوران صدرِ مملکت نے مسئلۂ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرنے پر آذر بائیجان حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پروفیسر صاحبہ غفار ووا کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے آذربائیجان پارلیمنٹ کی اسپیکر سے درخواست کی کہ ان کی نیک تمنائیں آذربائیجان کی حکومت اور عوام تک پہنچائیں۔ صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین ہر میدان میں تعلقات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقعے پر آذر بائیجان پارلیمنٹ کی اسپیکر نے کہا کہ آذربائیجان حکومت نگورنو کاراباخ کے معاملے پر ساتھ دینے کیلئے پاکستانی حکومت اور عوام کی شکر گزار ہے۔ ہم ہر فورم پر مسئلۂ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا شعبۂ توانائی میں پاکستان، آذربائیجان تعاون کی اہمیت پر زور