اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقعے پر اپنے اپنے پیغامات میں شہدائے قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقعے پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم آج اپنے ہیروز، غازیوں اورشہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرے گی۔ ہم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
توہینِ عدالت کیس، آئی جی کی عدم پیشی پر اسلام آباد ہائیکورٹ برہم
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میرے خیال میں 9 مئی کا احتجاج پر تشدد واقعات میں تبدیل ہوا، یہ منصوبہ بندی کے تحت کرایا گیا۔ اسے ڈیزائن کرنے والے خطرناک ہیں، شرمناک واقعات باقاعدہ تشکیل دئیے گئے۔ قوم حیرت زدہ اور افسوس کا شکار ہے۔
پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اقتدار کی ہوس میں وہ کام کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی ہوئی۔ شرپسندوں نے ریاست کی نشانیوں، نظرئیے اور تشخص پر حملہ کیا گیا۔ ملک دشمنوں کو جشن کی وجوہات دی گئیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج قوم شہداء کی عزت و تکریم کیلئے عہد کو دہرائے گی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم سکیورٹی فورسز کی بے مثال جرأت و قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے جوانوں اور افسران نے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی مقروض ہے۔ ملکی سالمیت ہمارے شہداء کی قابلِ قدر خدمات کے بغیر ناممکن تھی۔ قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ فورسز نے سرحدوں کا دفاع کیا، دہشت گردی کی لعنت کو بھی شکست دی۔