پاکستان کے ایک اور بڑے شہر میں ای چالان سسٹم لانچ کرنے کی تیاریاں

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اس سے پہلے لاہور میں ای چالان سسٹم متعارف کرایا جا چکا ہے، فوٹو ڈان

ٹریفک نظام کو جدید بنانے اور سڑکوں پر لوگوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے سندھ پولیس نے کراچی میں جلد  ای چالان سسٹم متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام نبی میمن کی زیر صدارت پیر کے روز سنٹرل پولیس آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی ٹریفک یونٹس کی تشکیل و جدت سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں ٹریفک حکام نے حادثات اور ان میں کمی لانے کے لیے ممکنہ اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کا ایک نمایاں پہلو ای ٹکٹنگ سسٹم کا اعلان تھا، جس کے تحت ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان ڈیجیٹل طریقے سے جاری کیے جائیں گے اور براہ راست خلاف ورزی کرنے والے افراد کے گھروں پر پہنچا دیے جائیں گے، یوں عوام کو ٹریفک اہلکاروں سے براہِ راست رابطے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ یہ اقدام عوام کے لیے سہولت پیدا کرے گا اور ٹریفک قوانین کے نفاذ میں شفافیت لائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رفتار ناپنے والے نئے آلات جیسے اسپیڈومیٹرز اور اسپیڈ گنز بھی حاصل کیے جائیں گے تاکہ تیز رفتاری کی درست نگرانی کی جا سکے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ متعلقہ اداروں اور فریقین سے مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کو مؤثر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس محکمے کا چہرہ ہوتی ہے، اس کی کارکردگی کو اپ گریڈ کرنا ناگزیر ہے۔

Related Posts