اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو لانگ مارچ کے جلسے میں شرکت کی دعوت دے دی۔
پی پی رہنماء سید خورشید شاہ کی جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال پر بات چیت اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت ہوئی۔ ملاقات میں مولانا اسعد محمود، اکرم خان درانی، مولانا انور اور مفتی ابرار احمد خان شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کو لانگ مارچ کے جلسے میں شرکت کی دعوت دے دی، یہ دعوت انہیں خورشید شاہ اور نوید قمر نے دی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے قابل احترام سید خورشید شاہ اور سید نوید قمر تشریف لائے ہیں، ہم نے جو معلومات شیئر کی ہیں وہ حوصلہ افزاء ہیں، انشاء اللہ قوم کو اچھے نتائج ملیں گے۔
پیپلز پارٹی کے ساتھ چلنے کے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کچھ مشترکہ ضرورتیں ہوتی ہیں لیکن ہر وقت ماضی کی باتوں کو سامنے نہیں رکھ سکتے، عوام بھی ہماری ماضی کی یادوں کو دہرانے کو پسند نہیں کریں گے، اب عوام کی کیا ضرورت ہے اسے دیکھنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان گلی کوچوں میں کھڑے ہو کر بازاری زبان استعمال کرتے ہیں، عمران خان کی اصل زبان وہی ہے جو اس نے کل استعمال کی، گٹر کا منہ جب کھلتا ہے تو گند ہی باہر آتا ہے عمران خان کون ہوتا ہے ہمیں دھمکیاں دینے والا؟ ہمارے کارکنوں کی لاٹھیاں ابھی گھروں میں تیل میں پڑی ہوئی ہیں۔
مزید پڑھیں:حالات ہاتھ سے نکل رہے ہیں، پرویز الٰہی کا حکومت کو بڑے فیصلے لینے کا مشورہ