بلاول بھٹوزرداری کاآزادی مارچ میں مولانافضل الرحمان کاساتھ دینےکااعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

bilawal bhutto on azadi march
بلاول بھٹوزرداری کاآزادی مارچ میں مولانافضل الرحمان کاساتھ دینےکااعلان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

رتو ڈیرو: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےمولانافضل الرحمان کے حکومت مخالف آزادی مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں، حکومت کوگھرجاناہوگا۔

رتوڈیرو میں ایچ آئی وی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ حکومت کو جانا پڑے گا اور حکومت کو گھر بھیجنے کے مطالبے پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں لہٰذا کارکن اور عہدیدار جمعیت علمائے اسلام (ف) کا ساتھ دیں۔

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے سرکاری نوکریوں کے متعلق بیان پر ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کا بیان ہی وزیراعظم عمران خان کی اصل پالیسی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سازش کے تحت اداروں سے لوگ نکالے جا رہے ہیں، معیشت کا یہ حال ہے کہ عوام بے روزگار ہو رہے ہیں، روزگارکی سہولت پیدا کرنے کے بجائے 400 اداروں کوبند کیا جارہا ہے جس سے مزید لوگ بے روزگارہوں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ایس 11 کے عوام دھاندلی نہیں ہونے دیں گے لیکن اگر دھاندلی نہ ہوئی تو پھر بھی پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب کے حوالے سے سپورٹ کا مولانا فضل الرحمان ہی جواب دے سکتے ہیں۔

ان کاکہناتھا کہ بنوں میں پیپلز پارٹی نے مولانا کے امیدوار کو سپورٹ کیا تھا۔ امید کرتے ہیں مولانا بھی سپورٹ کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کا ضمنی الیکشن میں سپورٹ پر شکر گزار ہوں۔

پاکستان کی جانب سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مصالحت پر انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مصالحت کیلئے اچھا قدم اٹھایا گیا ہے کیوں کہ جنگ ہوئی تو اس کے اثرات پاکستان پر بھی ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں صحت سے متعلق شارٹ اورلانگ ٹرم پالیسی ترتیب دینی ہے، لوگوں کواسپتال لانےکیلیے ٹرانسپورٹ کابھی بندوبست کریں گے، رتو ڈیرومیں ایچ آئی وی سینٹربنادیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ سینٹر ایک ماڈل بنے تاکہ باقی اسپتال بھی اس پر عمل کریں، ہم نے اپنے بچوں کوآگہی دینی ہے کہ ایچ آئی وی سے کیسے بچنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر عوام میں کوئی بیماری ہے تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کا مقابلہ کرے، پاکستان میں ویسٹ ڈسپوزل سسٹم ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اور سندھ حکومت اس پر کام کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسلام آباد کے انجینئرنگ اداروں کے دوسرے ڈینز انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘حکومت عوام کو روزگار فراہم نہیں کرسکتی بلکہ میں آپ کو یہ بتانا چاہوں گا کہ حکومت 400 محکموں کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے۔

Related Posts