کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پرامن اور روشنیوں کے شہر کراچی کو دہشت گردی میں دھکیلنے والی ایم کیو ایم کس منہ سے کراچی کے مسائل پر بات کرسکتی ہے، ایم کیو ایم کی نفرت کی سیاست کو کراچی کے عوام نے دفن کردیا ہے۔
جمعرات کو جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے اداروں کی تباہی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔ واٹر بورڈ، کے ایم سی، کے ڈی اے، ایم ڈی اے سمیت تمام اداروں کی بربادی کے پیچھے ایم کیوایم کا بھیانک کردار ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ پرامن اور روشنیوں کے شہر کراچی کو دہشت گردی میں دھکیلنے والی ایم کیو ایم کس منہ سے کراچی کے مسائل پر بات کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی نفرت کی سیاست کو کراچی کے عوام نے دفن کردیا ہے اور اب ایم کیو ایم ایک مردہ سیاسی گھوڑا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ اس وقت حقیقی صورتحال یہ ہے کہ ایم کیو ایم شدید اندرونی انتشار کا شکار ہے اور ایم کیو ایم، پی ایس پی کے مکمل قبضے میں جاچکی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم بتائے کہ بلدیاتی انتخابات سے کیوں راہ فرار اختیار کی تھی؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج کراچی کی مقبول سیاسی جماعت ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی خدمت کے ذریعے کراچی میں اپنی جگہ بنائی ہے اور ہم کراچی کے مسائل کو حل کرنے مصروف عمل ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم جو آج الزامات کی سیاست پر اتری ہوئی ہے اسے آئندہ انتخابات میں کراچی سے امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔