اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پی ڈی ایم کو مرا ہوا ہاتھی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ان کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، پلگوں میں کچرا ہے، ضلع کے لحاظ سے کیا جلوس نکالیں گے،15 اگست سے کنویں کے مینڈکوں کی سیاست کا وقت ختم ہوگیا،اب گہرے پانیوں میں دنیا کی سیاست ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی حکومت نہیں چاہتی مہنگائی ہو، بین الاقوامی بحران میں پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا ہے اور عمران خان کی قیادت میں پابندی لگنے سے بچا ہے،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بیٹی جو نقشہ فراہم کریں گی ان کی خواہش کے مطابق معروف سائنسدان کے مقبرے کی تعمیر ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ عیدمیلاد النبی ؐ کے موقع پر تمام قیدیوں کی سزاؤں میں 3 ماہ کی تخفیف کی جارہی ہے جن میں وہ قیدی شامل نہیں جو غلط قسم کے کیس میں سزا یافتہ ہوں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ ہیں لیکن دنیا کو بھی اس مسئلے میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم مہنگائی کے حوالے سے اجلاس کررہے ہیں لیکن دنیا میں مہنگائی کی لہر چلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہے لیکن یہ دیکھیں کہ کورونا ہوا، قرضوں کی قسطیں ادا کی گئیں، ملک کے سب سے بڑے چور منہ صاف کر کے وکٹری کا نشان بنا کر دوبارہ آگئے ہیں، اس ملک میں بینک ڈکیت کی ضمانت ہوجاتی ہے لیکن جو فون چوری کرے وہ 6، 6 سال جیلوں میں پڑا رہتا ہے کیوں اس کی ضمانت دینے والا کوئی نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاپڑ اور دہی بڑے بیچنے والوں کے پاس اربوں روپے نکلتے ہیں، اس قوم کو خیال ہونا چاہیے کہ پاپڑ والا اور دہی بلے والا کے نام سے جنہوں نے یہ سب کیا وہ مہنگائی کے خلاف اپنے آپ کو چمپئن بنا کر پیش کررہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن، بلاول بھٹو زرداری یا مریم نواز میں سے کون خطرناک ہے؟ کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے خیال میں تو ان میں ڈنک ہی نہیں ہے خطرناک کیا ہونا ہے، اس کی رنگ پسٹسن بیٹھے ہیں، پلگوں میں کچرا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ انتخابات کو 21 ماہ رہ گئے ہیں، آخری 6 سے 7 ماہ نکال دیں تو ایک سال کا سارا مسئلہ ہے، اگر انہوں نے کسی سیاسی گڑھے میں گرنا ہے تو اللہ اس ملک اور قوم کی حالت پر رحم کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں سیاست اسی طرح چلتی ہے، جب ہم اپوزیشن میں تھے ہم بھی یہی کہتے تھے کہ حکومت آج گئی کل گئی، اس ملک کی سیاست ایسی ہی ہے، اپوزیشن کے پاس کوئی نئی سوچ نہیں ہے، 2، 4 ماہ جلسے جلوس کریں گے وقت ختم ہوجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ اقتدار میں وقت گزرنے کا پتا ہی نہیں لگتا جبکہ اپوزیشن میں وقت نہیں گزرتا۔مریم نواز کی جانب سے سیکیورٹی ادارے کے سربراہ کا نام لے کر تنقید کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز نے پاکستان کے اداروں کو جو کچھ کہا ہے اس سے زیادہ غیر ذمہ داری کچھ نہیں ہوگی، وہ خود اپنے لیے گڑھے کھود رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: آئندہ چند ماہ میں مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے، اسد عمر