خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں خود کش بم دھماکے میں شہید ہونے والے 27 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس لائنز دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، آئی جی پولیس اور کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے علاوہ شہداء کے لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
بم دھماکے میں شہادتیں 69، زخمیوں کی تعداد 165ہوگئی
پولیس کے دستے نے شہدائے پولیس لائنز کو سلامی پیش کی۔ شہید ہونے والے 8 پولیس اہلکاروں کا تعلق چار سدہ سے تھا۔ ڈی ایس پی، ایف آر پی عرب نواز بھی خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال نے کہا کہ پشاور کی مسجد میں خودکش بم دھماکے کے باعث ہونے والی شہادتیں 69 جبکہ زخمیوں کی تعداد 165 ہوگئی ہے۔
گزشتہ روز کیے گئے خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں مسجد کی چھت گر گئی تھی۔ ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا کہنا ہے کہ بم دھماکے کے باعث شہید ہونے والوں کی تعداد 69 تک جا پہنچی۔
دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 165ہوگئی جبکہ ملبے تلے دبے افراد کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ زخمیوں کے ساتھ ساتھ شہادتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔