پشاور:پشاور میں پرائمری سکول ٹیچرز کی جانب سے مطالبات کے حق میں کئے جانے والے احتجاج پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے کارروائی کی، اس دوران پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔
پرائمری اسکولوں کے اساتذہ کی جانب سے گورنمنٹ ہائیرسکینڈری اسکول سٹی نمبر1 میں احتجاج کیا گیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے نام پر پنشن میں کمی منظور نہیں کی جائیگی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پرائمری اساتذہ کا موجودہ سروس سٹرکچرمیں تبدیلی ناگزیر ہے، ہیڈ ماسٹرز کو گریڈ 16 اور 17 میں ترقی دی جائے۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا، اس دوران آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جبکہ ڈنڈوں کا استعمال کرتے ہوئے اساتذہ کو گرفتار بھی کیا گیا۔
مزید پڑھیں:سیاسی بحران سے ملک کا امیج تباہ ہورہا ہے، ایس ایم منیر
مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا جبکہ احتجاج کے دوران ہوائی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔جنہیں طبی امدادی فراہم کرنے کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔