کراچی میں پولیس نے گرفتار کیے گئے ملزم کو چھوڑ دیا ہے جس کی پاداش میں ایس ایچ او پاپوش نگر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا جبکہ ہیڈ محرر اور سنتری کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے پاپوش نگر میں پیش آیا جہاں خلافت چوک کے قریب گزشتہ روز ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ ملزم کو عوام نے اُس وقت گھیر لیا جب وہ برف خانے سے ہزاروں روپے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہونے والا تھا۔ اہلِ محلہ نے ڈکیتی کو ناکام بنانے کے بعد ملزم کو پاپوش نگر پولیس کے حوالے کردیا۔
علاقہ مکین وقار شاہ نے ایم ایم نیوز ٹی وی کو بتایا کہ ملزم برف لینے کے بہانے آیا اور پستول دکھا کر نقدی اور موبائل فون لوٹ لیے۔ وہ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور میں 10 منٹ تک اس کا مقابلہ کرتا رہا۔ اسی دوران اہلِ محلہ جمع ہو گئے جس کے بعد ہم نے چور کے ساتھ مارپیٹ کی اور پھر اسے پولیس کے حوالے کیا۔
وقار شاہ نے کہا کہ ہم نے اپنی جان پر کھیل کر ڈاکو کو پکڑا جس کے بعد ہمیں تھانے میں بلا کر بلا جواز بٹھائے رکھا گیا۔ ایف آئی آر صبح کے 4 بجے بڑی مشکل سے درج کی گئی۔ مجھے اُس وقت حیرت ہوئی جب سہ پہر 12 بجے ایس ایچ او راؤ دلشاد نے میرے پاس آ کر ملزم کی تصویر طلب کی اور بتایا کہ ملزم حوالات سے فرار ہوگیا ہے۔
بعد ازاں اعلیٰ پولیس حکام تک صورتحال کی اطلاع پہنچ گئی۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے پولیس کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس پارٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی۔ ایس ایس پی سنٹرل کا کہنا ہے کہ تمام ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔