کراچی:نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمہ دار سرکاری افسران کے خلاف پولیس کے چھاپے کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران و ملازمین پولیس کو دیکھتے ہی خوف کا شکار ہو گئے۔
بدھ کوسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر میں پولیس نے چھاپہ مارا اور نسلہ ٹاور سے متعلق درج مقدمے کے حوالے سے متعلقہ افسران سے پوچھ گچھ کی۔
ذرائع نے بتایاکہ نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمے دار سرکاری افسران کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعدپولیس کی بھاری نفری ملزمان کی گرفتاری یا سراغ لگانے کے لیے پھر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پہنچ گئی۔
نسلہ ٹاور کیس میں عدالتی احکامات پر فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد تفتیشی حکام کی جانب سے ایس بی سی اے کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا۔تفتیشی افسران ایس بی سی اے کی عمارت کے اندر داخل ہوئے تو پولیس کو دیکھتے ہی افسران و ملازمین خوف کا شکار ہو گئے۔
ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کی سربراہی میں پولیس سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پہنچی تھی۔ذرائع نے بتایاکہ تفتیشی حکام فیروز آباد میں درج معاملے پر اصل ذمے داران کا تعین کریں گے، عدالتی احکامات پر کٹنے والی ایف آئی آر میں ذمے داران کو گرفتار کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:کراچی کی تباہی برسوں کا نوحہ