اسلام آباد پولیس نے وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے حکمتِ عملی تیار کر لی ہے جس کے تحت غیر قانونی تعمیرات گرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی تعمیرات گرانے کیلئے پہلے فیز میں اسلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن کے تمام غیر قانونی تعمیر کیے گئے فیز گرائے جائیں گے۔ سی ڈی اے نے بھی رواں ہفتے ہی غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تجاوزات گرانے کا پلان ترتیب دے دیا ہے۔ بارہ کہو، بنی گالہ، ترنول، گولڑہ غوری ٹاؤن اور سہالہ میں تجاوزات گرانے کے لئے نشاندہی کر دی گئی۔
غوری ٹاؤن کے ایف آئی اے مقدمات اور ان پر پیش رفت سے متعلق وزارت داخلہ کو سمری ارسال کر دی گئی۔اینٹی کرپشن نے رواں ہفتے غوری ٹاؤن کے مالکان سابق نقشہ نویس چوہدری عبدالرحمن راجہ علی اکبر اور غوری ٹاؤن کے مالک کے خلاف کارروائی کیلئے کام تیز کردیا۔
ٹاؤن کے نو وارد مالک چوہدری عثمان کے خلاف سنگین نوعیت کا مقدمہ درج کرنے کے لئے قانونی تقاضے پورے کر لیے گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے فیز میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بنی گالہ، سہالہ اور ترنول میں کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ غوری ٹاؤن میں سرکاری زمین پر قبضہ قبرستان، اسکولز اور گراؤنڈ پر پلاٹ بنانے سے متعلق بھی ضلعی انتظامیہ نے فائل ورک مکمل کر لیا، گرین اسپائر غوری فیز 8 میں بھی کم پلاٹ اور زیادہ فائلوں کی فروخت سے متعلق کورال تھانہ کی پولیس نے خفیہ تحقیقات کیں۔
قبضہ مافیا کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لانے کیلئے تحقیقات جاری ہیں، محرم الحرام کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے قبضہ مافیا سے متعلق بریفنگ کے لیے وقت مقرر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں قبضہ مافیا کے خلاف زیرِ التواء مقدمات کھولنے کا فیصلہ