کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ڈاکو زخمی ہو گئے جن پر شہریوں کو لوٹنے کا الزام ہے۔ ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیروزآباد میں پولیس کی فائرنگ سے 2 ڈاکو زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزمان نے شہری سے موٹر سائیکل چھینی تھی جس پر ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے کی اطلاع پر ڈاکوؤں پر گھیرا تنگ کیا گیا۔ جائے واردات پر پہنچنے کے بعد ڈبل روڈ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار کیے گئے ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 3 موبائل فونز، نقد رقم اور شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں پولیس مقابلہ ہوا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں لوٹ مار کی 100 وارداتوں میں ملوث ڈکیت گروہ کے 3 ارکان گرفتار ہو گئے۔
آج سے 3 روز قبل 2 جون کو شاہ لطیف میں پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد 3 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، ڈکیت گروہ کے 3 ارکان فرار ہوگئے جبکہ زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی، شاہ لطیف میں پولیس مقابلہ، لوٹ مار کی 100 وارداتوں میں ملوث 3 ڈاکو گرفتار
قبل ازیں کراچی کے علاقے منگھوپیر میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے دوران 5 کروڑ روپے تاوان مانگنے والے 3 اغواء کاروں کو ہلاک کردیا گیا جن کے قبضے سے 2 مغوی بھی بازیاب کرا لیے گئے۔
منگھوپیر میں گزشتہ ماہ 4 مئی کو اے وی ایل سی اور سی پی ایل سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران اغواء کاروں سے پولیس اہلکاروں کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مبینہ مقابلے کے بعد 3 اغواء کار ہلاک کردئیے گئے۔
مزید پڑھیں: مبینہ پولیس مقابلہ، 5 کروڑ تاوان مانگنے والے 3 اغواء کار ہلاک