لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پارٹی طلال چوہدری کے معاملے پر 2 روز میں فیصلہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے طلال چوہدری کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اِس معاملے میں مسلم لیگ (ن) نے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی ہے جس کا فیصلہ 1 سے 2 روز میں عوام کے سامنے ہوگا۔
ہائی کورٹ لاہور میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی پیشی کے موقعے پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ طلال چوہدری معاملے پر شفاف تحقیقات ہوں گی، حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
گفتگو کے دوران ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریکِ انصاف اور وفاقی حکومت طلال چوہدری کے معاملے پر رنز اسکور کرنے میں مصروف ہے۔ ن لیگ کے صدر شہباز شریف پر بنایا گیا کیس جھوٹا ہے، عدالت سے انصاف کی امید رکھتے ہیں ۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے پولیس سے بچنے کیلئے ایک بار پھر ٹھکانہ بدل لیا اور اسلام آباد جا پہنچے۔
طلال چوہدری اپنا علاج اسلام آباد سے کرانا چاہتے تھے جہاں پہنچنے کے بعد ن لیگ کے سینئر رہنما ہسپتال میں داخل ہو گئے۔
مزید پڑھیں: طلال چوہدری نے پھر ٹھکانہ بدل لیا، اسلام آباد پہنچ گئے