کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ن لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
مفتاح اسماعیل نے سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کے نام خط میں سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے کے علاوہ تمام پارٹی کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اب میں انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں رہوں گا، نہ صرف پارٹی بلکہ حکومت میں بھی ذمہ داریاں سونپنے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں، پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے میرے ساتھ انتہائی مہربان رویہ اور خیال رکھا، میں ان کی حمایت اور اعتماد کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔
ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6000 میگاواٹ کے لگ بھگ، لوڈ شیڈنگ طویل
انہوں نے کہا کہ سماجی طور پر منصفانہ اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہوں، میری آپ کے لیے، پارٹی کے لیے اور تمام لیڈروں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
خیال رہے کہ مفتاح اسماعیل وفتاً فوقتاً میڈیا اور سوشل میڈیا پر حکومتی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
چند روز قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ ن لیگ نے مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے فارغ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر محمد شاہ اور سندھ کے سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی کی جانب سے دونوں عہدیداران کو فارغ کیے جانے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔
تاہم اب مفتاح اسماعیل خود پارٹی عہدوں سے مستعفیٰ ہوگئے ہیں۔