لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان سے ملاقات کے بعد آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کا اعلان کردیاے،شہبازشریف نے کہا کہ حکومت ہر میدان میں فیل ہو چکی، اسے گھر جانا ہوگا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں حکومت مخالف احتجاج پر مشاورت کی گئی، ن لیگی صدر نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد میں استقبال کیا جائے گااور 31 اکتوبر کو جلسے میں مطالبات پیش کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اداروں نے اگر اتنا تعاون کسی بھی حکومت سے کیا ہوتا تو پاکستان دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرتا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پورے ملک میں کاروبار بند ہے، دکانیں بند ہو چکی ہیں، عوام میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے، یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے لاکھوں لوگوں نے جانیں دیں۔
انہوں نےکہا کہ آج جے یو آئی ف کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں ملکی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی، مہنگائی عروج پہ ہے، علاج معالجہ عام آدمی کے لیے ناپید ہے،ادویات کی قیمیتیں بڑھنے سے لوگ سسک سسک کر جان دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد نئے انتخابات ہونے چاہییں کیونکہ کراچی سے پشاور تک پوری قوم یک زبان ہے کہ حکومت کو گھر جانا چاہیے،اس وقت ملک کی معاشی صورتحال تباہی کے دہانےپر ہے اور ملک کی تباہ کن صورتحال پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ناکامی کا منھ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت مذاکرات کی دعوت کے ساتھ گالیاں بھیج رہی ہے، (ن) لیگ نے حتمی طور پر 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہونے کا فیصلہ کرلیاہے، (ن) لیگ کے قائدین اوررہنما آزادی مارچ میں شریک ہورہے ہیں،27 اکتوبر کو دوردرازسے قافلے روانہ ہونا شروع ہوجائیں گےاور 31 اکتوبر کو تمام قافلے ایک ہوکر اسلام آباد میں داخل ہوں گے، حکومت ایک طرف مذاکرات کی دعوت اور دوسری طرف گالیاں دے رہے ہیں، حکومت سنجیدہ ہے تو استعفیٰ دے پھر مذاکرات کی طرف آیا جاسکتاہے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن ملاقات کے لئے شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن لاہور پہنچے تو شہباز شریف نے خود ان کا استقبال کیاتھا۔ ن لیگ کی جانب سے احسن اقبال، امیر مقام، حنیف عباسی، مریم اورنگزیب، ملک پرویز ، خرم دستگیر جبکہ جے یو آئی کی جانب سے مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا امجد اور دیگر نے ملاقات میں شرکت کی ۔ شہبازشریف سمیت تمام سیاسی رہنماؤں نے رہائش گاہ پر واقع مسجد میں فضل الرحمن کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔