اسلام آباد: سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں سیاسی جلسے سے خطاب کرکے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر علی امین گنڈا پور نے گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلائی جو انتخابات کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی اور قبل از الیکشن دھاندلی ہے۔
سینیٹ میں پی پی پی کی پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے وفاقی وزیر کارنر میٹنگز اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کرتے رہے جس کی الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد اجازت نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینئر مرکزی رہنما شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر کو چاہئے کہ انتخابات کے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑانے پر وزیرِ اعظم اور وفاقی حکومت کے خلاف نوٹس لیں۔
پی پی پی کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور علی امین گنڈا پور نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔
اس حوالے سے پی پی پی الیکشن سیل کے انچارج تاج حیدر کا خط میں کہنا تھاکہ علی امین گنڈا پور کی تقاریر متعدد چینلز پر نشر ہوئیں جس کے دوران وہ الیکشن مہم میں مختلف وعدے کرتے نظر آئے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ عمران خان کی گلگت بلتستان میں تقریر الیکشن کمیشن کے قواعد کے خلاف ہے، انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس کیوں نہیں لیتا؟
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے گلگت میں اے ٹی ایم کے منہ کھول دیئے،ڈاکٹرنفیسہ شاہ