اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا جبکہ وزارتِ عظمیٰ کیلئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے مشترکہ امیدوار شہباز شریف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے عہدے کیلئے ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کے مابین مقابلہ ہوگا۔ دونوں امیدواروں کے مابین کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
گزشتہ روز قومیا سمبلی میں شہباز شریف کی جانب سے 8 جبکہ عمر ایوب کی جانب سے 4 کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے جن کی جانچ پڑتال کے بعد منظوری بھی دے دی گئی۔
سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراض عائد کیا تھا جسے مسترد کردیا گیا۔ 336 رکنی قومی اسمبلی میں وزیر اعظم بننے کیلئے 169ووٹ ضروری ہیں۔
اتحادی جماعتوں کو 209 اراکین کی حمایت حاصل ہے جن میں مسلم لیگ (ن)، پی پی پی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور استحکامِ پاکستان پارٹی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب سے سنی اتحاد کونسل نے شہباز شریف کے مدِ مقابل عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار نامزد کیا جبکہ کونسل کے اراکین 91 ہیں۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول بھی جاری کیا تھا۔