اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک اور باہمی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ چین کے دورے کی دعوت میرے لیے عزت افزائی کا باعث تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے چائنہ گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی میں خلل ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ہم نے چینی قیادت کے ساتھ مفید مذاکرات کیے۔
چین اور سعودیہ نے 13 ارب ڈالر کی یقین دہانی کرادی، اسحاق ڈار
انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دورۂ چین کے دوران میری چینی قیادت سے سرمایہ کاری، سی پیک اور جیو پولیٹیکل اسٹریٹجی پر مفید بات چیت ہوئی جبکہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی ناقابلِ تسخیر ہے۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ چین کا بیانیہ ترقی، خوشحالی اور امن ہے۔ پاکستان اور چین کی باہمی دوستی اور اعتماد مضبوط تعلقات کا عکاس ہے جبکہ چین ہمیشہ سے خوشحال اور امیر ملک رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو چین کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتے ہیں، ان کی پالیسیاں غلط ہیں۔چین اور پاکستان باہمی مشاورت کے عمل کو تیز کریں گے۔ سی پیک منصوبے سے پاکستان سمیت خطے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔