اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو مقرر کرنے کا فیصلہ آئین کے مطابق کیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک تہنیتی بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کیا۔ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری پر محسن نقوی کو مبارکباد دیتا ہوں۔
استعفے واپس لینے کا مقصد جعلی اپوزیشن لیڈر سے جان چھڑانا ہے
بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے۔ نگراں وزیر اعلیٰ کے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو سب سے بڑی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ محسن نقوی آئین کے تقاضوں کے مطابق اپنی ذمہ داری نبھانے میں سرخرو ہوں گے۔ وزیر اعظم نے دعا کی کہ اس آئینی و عوامی فرض میں نگراں وزیرا علیٰ کو بطریقِ احسن کامیابی ملے۔
نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گزشتہ شب اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے آپ کی تقرری کا خیر مقدم کرتا ہوں۔