اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان صحت کارڈ پروگرام کے اجراء کیلئے بہاولپور کا دورہ آج کریں گے۔ ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی کابینہ کے اراکین بھی ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، سندھ کے ضلع تھرپارکر، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی صحت کارڈ تقسیم کیے۔ آج بہاولپور ڈویژن کے باسیوں میں بھی صحت کارڈز تقسیم ہوں گے۔
چیف جسٹس گلزاراحمد ریٹائر، جسٹس عمرعطا بندیال کی حلف برداری کل ہوگی
تحریکِ انصاف کی حکومت عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات بہم پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔ بہاولپور ڈویژن کے اضلاع رحیم یار خان، بہاولپور اور بہاول نگر کے تقریباً 1 کروڑ 5 لاکھ افراد صحت انصاف کارڈ سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
پنجاب میں پہلے سے ہی کروڑوں لوگ صحت کارڈ سے مستفید ہورہے ہیں۔ بہاولپور ڈویژن میں صحت کارڈ کے اجراء سے مستفید لوگوں اور گھرانوں کی تعداد میں 63 فیصد کا اضافہ متوقع ہے۔ صحت کارڈ کے ذریعے 10لاکھ تک کا علاج معالجہ مفت ہوگا۔
وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کے حامل افراد حکومت کے نامزد سرکاری و نجی ہسپتالوں سے مفت علاج کراسکیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان آج بہاولپور ڈویژن میں صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔