اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال پر غوروخوض اور اہم فیصلوں کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کے روز طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 9 نومبر کو منگل کے روز ہوگا جس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال زیرِ غور آئے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کو بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بریفنگ دی جائے گی۔
حکومت غریبوں کیلئے 450 ارب کا خسارہ خود برداشت کررہی ہے۔وزیراعظم
ملک میں مہنگائی کا طوفان، پی ڈی ایم سربراہ نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت غریبوں کیلئے 450 ارب کا خسارہ خود برداشت کررہی ہے، کسی اورحکومت نے غربت ختم کرنے کیلئے اتنا کام نہیں کیا جتنا موجودہ وفاقی حکومت نے کیا۔
آج سے 2 روز قبل وزیر اعظم نے پی ٹی آئی اٹک قیادت سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو مجموعی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا جو کم کرکے 1 ارب ڈالر کیاگیا۔ پھر کورونا وائرس نے پوری دنیا پر گھیرا تنگ کردیا۔
پی ٹی آئی اٹک قیادت سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر کی معیشتوں کو نقصان ہوا، عالمی سطح پر بحران کے خلاف کامیاب پالیسیوں کے باعث ہم کورونا کا مقابلہ کرنے اور چیلنجز سے نمٹنے میں سرخرو ہوئے، عالمی سطح پر ہماری پالیسی سراہی گئی۔