اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان کے سب سے بڑے شہد حاصل کرنے کے منصوبے کا افتتاح آج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بلین ٹری سونامی کے بعد بلین ٹری سونامی شہد کا منصوبہ شروع ہوگا جس کے ذریعے جنگلات سے 1 کروڑ کلو گرام سے زائد شہد کی پیداوار حاصل کی جائے گی۔
بلین ٹری سونامی شہد منصوبے کی افتتاحی تقریب آج شام 4 بجے منعقد ہوگی جس کے دوران مشیرِ موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم منصوبے کی تفصیلات پر وزیرِ اعظم عمران خان کو بریفنگ دیں گے۔
شہد حاصل کرنے کا یہ ملک کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کے تحت وفاقی حکومت پاکستان کیلئے کروڑوں ڈالرز کا زرِ مبادلہ حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
ملک بھر میں 10 لاکھ ایکڑ کے رقبے پر جنگلات موجود ہیں جہاں 7 مختلف اقسام کا شہد پیدا کیا جاسکتا ہے۔ منصوبے کے تحت 12 ہزار میٹرک ٹن شہد کی پیداوار حاصل کی جاسکے گی جسے بیرونِ ملک برآمد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شہد کی مکھیوں کا عالمی دن اور انسانیت کی بقاء کی ضروریات