اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث قرنطینہ میں ہیں جہاں طبیعت میں بہتری کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے انہیں سرکاری مصروفیات کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان 9 روز قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور طبیعت ناساز ہونے کے باعث خود کو قرنطینہ کر لیا جس کے بعد گزشتہ روز سے وزیرِ اعظم کی طبیعت میں بہتری دیکھی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم کی طبیعت میں بہتری کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے عمران خان کو سرکاری مصروفیات کی اجازت دے دی، تاہم ڈاکٹرز نے وزیرِ اعظم عمران خان کو کورونا ایس او پیز کی پابندی کا مشورہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے۔ہمارے ہسپتال بھر چکے ہیں،لوگ وینٹی لیٹرز پر جارہے ہیں،کورونا ویکسین کی کمی ہے،وسائل کی کمی کے باعث اپنا ملک بھی بند نہیں کر سکتے۔ہمیں ایس اوپیز پر عملدر آمد کرتے ہوئے ماسک لازمی لگانا چاہیے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم نے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلیویژن پر کورونا سے متعلق قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ میں نے ایک سال پوری احتیاط کی، نہ کبھی کسی شادی پر گیا نہ ہی کسی ریسٹورٹٹ پر کھاناکھانے گیا اور سماجی فاصلہ بھی رکھا اور زیادہ تر ماسک پہنے رکھااور بچا رہا۔
مزید پڑھیں: وسائل کی کمی کے باعث ملک بند نہیں کر سکتے، لوگ احتیاط کریں، عمران خان