عمران خان کا روسی صدر سے رابطہ، اسلاموفوبیا پر بیان کا خیر مقدم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عمران خان کا روسی صدر سے رابطہ، اسلاموفوبیا پر بیان کا خیر مقدم
عمران خان کا روسی صدر سے رابطہ، اسلاموفوبیا پر بیان کا خیر مقدم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے روسی صدر سے رابطہ کیا اور اسلاموفوبیا سے متعلق بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ولادی میرپیوٹن کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے بات چیت کی ہے جس کا بنیادی مقصد ان کے اس بیان کو سراہنا تھا کہ آزادئ اظہارِ رائے کا مطلب ہمارے نبی ﷺ کی توہین نہیں ہوسکتا۔

یہ بھی پڑھیں:

توہینِ رسالت سے متعلق روسی صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔وزیر اعظم

ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے روسی صدر کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ ولادی میر پیوٹن وہ پہلے مغربی رہنما ہیں جنہوں نے مسلمانوں کے اپنے پیارے نبی ﷺ کیلئے جذبات پر ہمدردی اور حساسیت کا مظاہرہ کیا اور اسلاموفوبیا کے خلاف بیان دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے روسی صدر سے ٹیلیفونک رابطے کے متعلق مزید کہا کہ ہم نے تجارت اور پاک روس دو طرفہ تعاون سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی۔ دونوں سربراہانِ مملکت نے ایک دوسرے کو اپنے اپنے ملک آمد کی دعوت دی۔ 

ولادی میر پیوٹن کا بیان

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے دسمبر میں اپنی سالانہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پیغمبرِ اسلام ﷺ کی شان میں گستاخی عوام میں اشتعال کا سبب ہے جو اپنی رائے کے اظہار کی آزادی قرار نہیں دی جاسکتی جبکہ یہ مذہبی آزادی کے خلاف ہے۔

صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ شانِ رسالت ﷺ میں گستاخی سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ انہوں نے متنازعہ فرانسیسی میگزین کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی حرکتیں انتہا پسندی کا سبب بنتی ہیں۔

Related Posts