اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سینیٹ انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے قومی اسمبلی پہنچے جہاں اراکینِ اسمبلی نے وزیرِ اعظم سے ملاقات کی۔بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آج پنجاب اسمبلی کے سوا قومی اسمبلی سمیت ملک کی ہر اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے قومی اسمبلی پہنچے ہیں۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ ایوان میں پہنچے ہیں۔ اس دوران حکومتی اراکینِ قومی اسمبلی نے وزیرِ اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت میں الیکشن ہال میں نعرے بازی کی۔
اس موقعے پر ضابطۂ اخلاق کے تحت الیکشن کمیشن حکام نے اراکینِ قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو نعرے لگانے سے روک دیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اگر اب نعرے بازی کی گئی تو نعرے بازی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں میں سینیٹ آف پاکستان کی 37 نشستوں کیلئے انتخابات شروع ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایوانِ بالا (سینیٹ آف پاکستان) کے انتخابات کی ضرورت پنجاب میں پیش نہیں آئی جہاں تمام 11 نشستوں پر سینیٹرز کا بلا مقابلہ انتخاب کر لیا گیا۔دیگر نشستوں پر ووٹنگ آج صبح 9 بجے شروع ہوئی۔
مزید پڑھیں: سینیٹ آف پاکستان کی 37 نشستوں کیلئے انتخابات شروع ہو گئے