اسلام آباد: کشمیری قوم مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میں یومِ حقِ خود ارادیت آج منا رہی ہے، اس موقعے پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں 5 جنوری 1949 کے روز کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حق میں قرارداد پیش کی گئی تاہم غاصب بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قراردادیں پامال کردیں۔ مظلوم کشمیری بھارتی ریاستی دہشت گردی بے نقاب کرنے کیلئے آج کا دن منارہے ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، سردی میں مزید اضافہ
ہمیں موسمیاتی تبدیلی روکنے کے لیے بہت زیادہ احتیاط کرنا ہوگی، وزیر اعظم
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد کمزور پڑنے کی بجائے تیز سے تیز تر ہوتی گئی۔ بھارتی جبر کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے میں آج تک ناکام ہے۔ یومِ حقِ خود ارادیت منانے سے کشمیریوں کا مقصد بھارت کا سفاک چہرہ بے نقاب کرنا ہے۔
یومِ حقِ خود ارادیت منانے کا بڑا مقصد اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کو بنیادی انسانی حق کیلئے منظور کی گئی قراردادوں کی یاد دلانا اور مظلوم کشمیریوں کے حقوق کا استحصال روکنا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرکے ظلم کے ایک نئے باب کا آغاز کیا۔
مظلوم کشمیری یومِ حقِ خود ارادیت کے موقعے پر بھارت کے خلاف ریلیاں نکالیں گے اور جلسے جلوس منعقد کرکے بھارتی فوج کے مظالم بے نقاب کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیری قوم سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کے حقوق پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ تنازعہ جموں و کشمیر کا فیصلہ اقوامِ متحدہ کی زیر نگرانی منصفانہ رائے شماری سے کیا جائے۔ کورونا کے تناظر میں مقبوضہ وادی دہرے لاک ڈاؤن کا شکار ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یومِ حقِ خود ارادیت کے موقعے پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مظلوم کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلۂ کشمیر کا حل خطے کے امن و سلامتی کی ضمانت دے سکتا ہے۔