اسلام آباد:وزیرِ اعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کے سربراہان نے وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرِ اعظم آفس کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد نے وزیرِ اعظم کو ٹیلی فون کال کی جس کے دوران انہوں نے کراچی میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا
کراچی میں 4 روز قبل پیش آنے والے طیارہ حادثے میں97 قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
اس موقعے پر وزیرِاعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد کا پاکستانی قیدی بر وقت رہا کرنے کیلئے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ابوظہبی حکومت کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد کو پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ اس موقعے پر مسئلۂ کشمیر پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی کارروائیاں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہیں۔