اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے آج مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک بائیک کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت روزگار مہیا کیا جائے گا۔
خطاب کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اس بات پر خوشی ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں سے ملک میں نئی صنعت شروع ہوگی۔ الیکٹرک موٹر سائیکل منصوبہ خوش آئند ہے۔ اپنی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی ضروری ہوتی ہے۔ اسلام آباد مری تک پھیل رہا ہے، سبزہ ختم ہورہا ہے اور شہر کے ماحول سے متعلق کوئی منصوبہ نہیں۔
کلین اینڈ گرین مہم کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ مہم الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ اپنے ذاتی مفادات کیلئے پالیسیاں بنانے سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔ ہم درخت اگا رہے ہیں اور نیشنل پارکس بنا رہے ہیں۔
مستقبل کے منصوبوں سے متعلق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم شہروں کیلئے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں اور ہمیں پانی کی ری سائیکلنگ پر کام کرنا ہے۔ یہ سوچ تبدیل کرنی ہوگی کہ غیر ممالک سے مدد نہیں آئے گی تو ملک نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔ پاکستان بے شمار وسائل اور نعمتوں سے مالا مال ہے۔ خوشی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کیلئے پاکستان کے اقدامات کو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے آغا ظہور کو نیا گورنر بلوچستان مقرر کردیا