اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے معاشی استحکام کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باوجود ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 1 اعشاریہ 6 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ماشاء اللہ کورونا وائرس جیسے موذی مرض کے باوجود معیشت کیلئے زبردست خبر ہے کہ ہم نے قابلِ قدر استحکام حاصل کیا ہے۔
پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ نومبر کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 44 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا اور رواں مالی سال میں اب تک کا سرپلس 1 اعشاریہ 6 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1 اعشاریہ 7 ارب ڈالر تھا۔ اسٹیٹ بینک کے زرِ مبادلہ کے خائر 13 ارب ڈالر کو پہنچ گئے جو گزشتہ 3 برس میں سب سے زیادہ ہیں۔
MashaAllah despite Covid 19 great news on economy – remarkable turnaround. Current account surplus again in Nov: $447 mn. For fiscal year so far, surplus is $1.6 bn as opposed to deficit of $1.7bn same period last yr. SBP's FX reserves have risen to about $13 bn, highest in 3 yrs
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 22, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا کہ رواں برس اکتوبر تک پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ مسلسل چوتھے ماہ سرپلس رہا۔
ٹوئٹر پر گزشتہ ماہ اپنے پیغام میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اکتوبر میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سرپلس رہا جبکہ یہ چوتھا مہینہ ہے جب ہم کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی بجائے سرپلس میں رہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ مسلسل چوتھے ماہ سرپلس رہا۔اسد عمر