وزیراعظم شہبازشریف نے ”اڑان پاکستان پروگرام“ کا افتتاح کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے عظیم دن قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے ٹیکس کو کم کرنا ہوگا، رونے دھونے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی سے کوئی فائدہ نہیں، سیاسی استحکام معاشی استحکام سے جڑا ہوا ہے، اسی خادم نے چارٹر آف اکانومی کی آفر کی لیکن میری آفر کو حقارت کے ساتھ ٹھکرایا گیا، آج بھی بیٹھ جائیں تو آدھے مسائل وہیں ختم ہوجائیں گے، تحمل، برداشت اورہم آہنگی کی انتہائی ضرورت ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی اقصادی پلان ”اڑان پاکستان پروگرام“ کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب میں اڑان پاکستان کے لوگو اور کتاب کی بھی رونمائی کی گئی۔
افتتاحی تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرخزانہ محمدا ورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔
اڑان پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے لیے عظیم دن ہے، آج اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا گیا، آخری 9 ماہ میں بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، بے پناہ چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے آگے بڑھنا ہے، 2023 میں پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، نوازشریف اور اتحادیوں نے فیصلہ کیا کہ ہم اپنی سیاست کو قومی مفاد پرقربان کردیں گے، ہم نے فیصلہ کیا ریاست کو بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔