اسلام آباد:ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج محمد عدنان کی عدالت میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے خلاف ہتکِ عزت کے کیس سماعت کےدوران وزیراعظم عمران خان ویڈیولنک کےذریعےپیش ہوئے اور تمام الزامات کوجھوٹاقرار دےکربیان حلفی عدالت میں جمع کرادیا۔
سماعت کےدوران وزیراعظم عمران خان اپنے وکیل سینیٹرولیداقبال کی موجودگی میں اپنے دفتر سے ای-کورٹ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئےاور کہاای کورٹ سے عدالتی کارروائی چلانا خوش آئند اقدام ہے، جس سے کیسوں کو وقت میں نمٹانے میں معاونت ہوگی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ شوکت خانم ٹرسٹ دنیا میں واحد مفت کینسر کے علاج کا اسپتال چلا رہی ہے،اس لیے ایسے فلاحی منصوبے کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر سیاست کیلئے استعمال کرنا افسوسناک ہے،مجھے عدالت سے امیدہےکہ ایسے الزامات پرمثالی فیصلہ دےکر آئندہ کیلئے اس روایت کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بیان حلفی عدالت میں جمع کرایاجس میں خواجہ آصف کے الزامات کو جھوٹا، من گھڑت اور ہتک آمیز قرار دیااور بتایاکہ 1991 سے 2009 تک عمران خان شوکت خانم کے سب سے بڑے انفرادی ڈونر رہےاور شوکت خانم ٹرسٹ کی سرمایہ کاری اسکیموں کے حوالے سے فیصلہ سازی ایکسپرٹ کمیٹی کرتی تھی جس میں عمران خان کی کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے بیانِ حلفی میں یہ بھی واضح کیا کہ ایسے بے بنیاد الزامات کا سہارا لے کر قومی میڈیا کے ذریعے عوام کے شوکت خانم ٹرسٹ پر اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انسداددہشتگردی عدالت کراچی نے پروین رحمان قتل کیس کافیصلہ سنادیا