اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مائیکروسوفٹ کے بانی اور دنیا کی امیر ترین شخصیت بل گیٹس کو موسمیاتی تبدیلی کے حوال سے خط لکھ دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بل گیٹس کو تحریر کئے گئے خط میں پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں۔ عمران خان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات پر کتاب لکھنے پر بل گیٹس کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں ہے جہاں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات زیادہ ہیں، اور موسمی خطرات سے نمٹنے اور بچاؤ کیلئے پاکستان اقدامات کررہا ہے۔
وزیراعظم نے خط میں لکھا کہ پاکستان ہوا میں کاربن کی کمی کے لیے متبادل توانائی کے منصوبے شروع کر رہا ہے،تاہم بلین ٹری سونامی، نیشنل پارکس، کلین گرین کے پروگرام پاکستان میں جاری ہیں۔
خط میں لکھا ہے کہ 10 لاکھ ایکڑ جنگلات کو محفوظ بنایا، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کم کرنے کیلئے بھرپور تعاون کو تیار ہے، پاکستان نے لاتعداد گرین جابز دیں، پوری دنیا کو موسمیاتی خطرات کو محسوس کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ ماہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی خط لکھا جس میں وزیراعظم نے سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں 10 ارب اور خطے میں 50 ارب درخت لگانے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں مماثلت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر جرمنی پہنچ گئے