ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سفیرِ کشمیر بن کر 27 ستمبر کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے ہیں جہاں وہ کشمیر پر ڈھائے جانے والے ظلم کی تفصیلات سے اقوامِ عالم کو آگاہ کریں گے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے کہ 54 سال بعد مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر آگیا۔ جنیوا میں ہم نے مسئلہ کشمیر پر بھرپور گفتگو کی جس سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب ہوگیا۔ کشمیر میں کرفیو کو 41 دن ہوچکے ہیں اور بھارتی فوج نے محرم الحرام میں بھی شرپسندی کم نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے کشمیر مظالم پر عالمی برادری سے بھارت پر تجارتی پابندیاں لگانے کا مطالبہ کردیا
وزیر خارجہ نے کہا کہ محرم الحرام میں امام بارگاہ پر بھارتی فوج نے حملہ کیا اور بھارتی فوج کشمیر کے نوجوانوں کو گھروں سے لے جا کر ان پر تشدد کرتی ہے۔ جب وہ تشدد سے بے ہوش ہوجاتے ہیں تو ان کو کرنٹ لگا کر شدید اذیت سے دوچار کیاجاتا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہو رہی ہے تاہم ماضی میں مسئلہ کشمیر پر اس انداز میں کبھی بات نہیں ہوئی، جیسے آج ہو رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر یکجہتی کے لیے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تھا لیکن ایسی کوئی بات دیکھنے میں نہیں آسکی۔ اپوزیشن کو بھی چاہئے تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے موضوع پر ہی ہمارا ساتھ دیتے، لیکن انہوں نے بھی ایسا نہیں کیا، بہرحال ہم بھارت پر عالمی دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم پر تنقید کر رہی ہیں اور بھارتی اقدامات پر بھارت کو آئینہ دکھا رہی ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں نئی نسل بھی بھارت کے خلاف ہوچکی ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل پر امن طریقے سے نکالا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ مودی نےکشمیریوں کوپابندسلاسل کررکھا ہے جبکہ آزادکشمیر میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے ۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ دنیا دیکھ سکتی ہے کہ آج مظفر آباد میں کھلے آسمان تلے ایک جلسہ گاہ میں کشمیریوں سے پاکستان کا وزیرِ اعظم عمران خان مخاطب ہے۔
مزید پڑھیں: مودی سرینگرجاکرکشمیریوں سےخطاب کرکےدکھائے،شاہ محمودقریشی